اچھرہ تہرے قتل کیس میں اہم پیش رفت: تفتیش سی سی ڈی کے حوالے، ملزمہ کا دوست جھنگ سے گرفتار

01:54 PM, 25 Apr, 2026

لاہور:لاہور کے علاقے اچھرہ میں ماں کے ہاتھوں تین معصوم بچوں کے قتل کے لرزہ خیز واقعے کی تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔ کیس کی حساسیت اور سنگینی کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ حکام نے تفتیش سی سی ڈی (CCD) کے سپرد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم نے گزشتہ رات بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کے مبینہ دوست شہریار کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ٹیم شہریار کی گرفتاری کے لیے خصوصی طور پر جھنگ گئی تھی، جہاں سے اسے پکڑ کر لاہور منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ واردات کے اصل محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔
ابتدائی تفتیش میں یہ ہولناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزمہ اور شہریار کے درمیان مبینہ طور پر گہری دوستی تھی اور دونوں ایک دوسرے سے شادی کے خواہشمند تھے۔ پولیس اس پہلو پر غور کر رہی ہے کہ آیا بچوں کو اس شادی کی راہ میں رکاوٹ سمجھ کر راستے سے ہٹایا گیا یا اس بھیانک اقدام کے پیچھے کوئی اور دباؤ تھا۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ اور اس کے دوست شہریار سے آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق  یہ جاننا انتہائی ضروری ہے کہ کیا ملزمہ نے یہ قدم تنہا اٹھایا یا اسے اس جرم پر اکسایا گیا تھا۔ قانون کے مطابق تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے تاکہ معصوم جانوں کو انصاف مل سکے۔"

مزیدخبریں