اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاک، ایران تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔نمائندہ نیو نیوز، جاوید نور کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ملک کی اعلیٰ ترین قیادت بھی موجود ہے۔ شرکاء میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات شروع ہوئے۔
مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاک،ایران دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور سرحدی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی بیک وقت ایرانی وفد سے ملاقات اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کی بیٹھک: وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار بھی شریک
04:45 PM, 25 Apr, 2026