واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مشتمل امریکی خصوصی وفد کا پاکستان کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ مذکورہ دو رکنی وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا اور آج اس کی روانگی متوقع تھی، تاہم اب امریکی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے اس دورے کی منسوخی کی تصدیق کر دی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق وٹکوف اور کشنر کا پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جاری صورتحال میں امریکا کے پاس اہم سفارتی برتری موجود ہے، جبکہ ایران چاہے تو کسی بھی وقت واشنگٹن سے بات چیت کر سکتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا، جس نے آج وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔
اسلام آباد میں ملاقاتوں کے بعد ایرانی وفد اپنے آئندہ مرحلے کے دورے کے لیے مسقط اور ماسکو روانہ ہو گیا ہے۔