ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

12:51 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد :محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شمال مشرقی و مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، نارووال، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور اور دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں سوات، کوہستان، مانسہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو سمیت متعدد مقامات پر بارش کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے علاقوں ژوب، بارکھان، قلات، سبی، لسبیلہ، خضدار اور دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی  پیشگوئی کی  گئی ہے۔

ادھر سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ اور دیگر علاقوں میں شام یا رات کے وقت بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ موسمی شدت سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی پیشگی اقدامات کی تلقین کی گئی ہے۔

مزیدخبریں