بھارت کا مئی کے بعد دوسرا باقاعدہ رابطہ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کی اطلاع

12:04 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد : پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے کیونکہ بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کی باضابطہ اطلاع دی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی حکام کو بتایا ہے کہ ہری کے پتن سے دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ بڑھایا جا سکتا ہے، جس سے سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد بھارت نے پہلی بار جموں کے مقام پر دریائے توی میں سیلاب کی اطلاع دی تھی، جو سندھ طاس معاہدے کے تحت باقاعدہ اطلاع کا حصہ ہے۔ اس موقع پر پاکستان نے الرٹ جاری کر دیا تھا۔

دریائے ستلج میں سیلاب کی وجہ سے پہلے ہی پاکستان کے کئی شہروں اور دیہات میں شدید تباہی مچ چکی ہے، ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور مویشیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی روشنی میں بھارت کی طرف سے یہ اطلاع پاکستان کے لیے ایک اہم اشارہ ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے مئی میں سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم مئی کے بعد یہ دوسرا باقاعدہ رابطہ ہے جو پانی کے بہاؤ کے حوالے سے کیا گیا ہے۔پاکستانی حکام سیلابی صورتحال پر قابو پانے اور حفاظتی اقدامات کے لیے چوکس ہیں۔

مزیدخبریں