جدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جدہ میں شروع ہو گیا ہے، جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا جا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اجلاس میں رکن ممالک کے وزراء خارجہ اور سینیئر حکام شریک ہیں تاکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے مجوزہ منصوبے اور فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں ایک مربوط ردعمل پر غور کیا جا سکے۔
دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں فلسطین کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے اور پاکستان کے اصولی موقف کو دوہرائیں گے۔ وہ اسرائیل سے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلا کا مطالبہ کریں گے، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول اور فلسطینیوں کی مزید بے دخلی کے اسرائیلی منصوبے کو مسترد کریں گے۔
اسحاق ڈار انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیں گے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کا مطالبہ کریں گے، جس میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ شامل ہے، جو جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اس اہم اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔