"ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار بطور عالمی رہنما"،سیمینار کا انعقاد ، پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی پروقار تقریب

03:19 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد:اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع "ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار بطور عالمی رہنما"تھا۔ اس موقع پر پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی۔ یہ تقریب انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اور وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔

سیمینار میں وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر بطور گیسٹ آف آنر جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال بطور چیف گیسٹ شریک ہوئے۔ اس موقع پر کتب نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا جس کا مقصد علم و دانش کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

پروفیسر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اب ہمیں ترقی کا معرکہ سر کرنا ہے۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اگلے بائیس سال انتہائی اہم ہیں، جن میں محنت اور یکجہتی کے ساتھ ملک کو ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کے طور پر دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی امن کے بغیر ممکن نہیں، اور قومی یکجہتی، فرقہ واریت و پولرائزیشن کے خاتمے اور نوجوانوں کی شہری ذمہ داریوں کی ادائیگی پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے۔

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے اور نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں نے نظریاتی سرحدیں بچائیں اور افواجِ پاکستان کی سوشل میڈیا پر حمایت کی، جس سے قومی اتحاد مضبوط ہوا۔ مقررین نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کے سب سے بڑے اثاثے ہیں، جن کے کردار اور ذمہ داریوں سے نہ صرف پولرائزیشن کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ ایک پرامن، یکجا اور عالمی سطح پر ابھرتا ہوا پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

اس تقریب میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ قومی کتاب نمائش کا افتتاح بھی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کیا۔

مزیدخبریں