کیش لیس اکانومی کرپشن کے خاتمے کی جانب اہم قدم ہے، وزیراعظم شہباز شریف

07:03 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیش لیس اکانومی ملک سے کرپشن کے خاتمے کا ذریعہ بنے گی اور اس سمت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت ڈیجیٹل والٹ کا قیام ایک بڑی پیش رفت ہے۔

اسلام آباد میں ڈیجیٹل والٹس اور مفت موبائل سمز کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام سے نہ صرف رقوم کی شفاف تقسیم ممکن ہوگی بلکہ غربت، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے پروگرام کی کامیابی کو سراہتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد، بی آئی ایس پی ٹیم اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، اور ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مستحقین کو رقوم شفاف طریقے سے گھر بیٹھے فراہم کی جائیں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے گزشتہ رمضان میں پہلی بار رقوم ڈیجیٹل انداز میں منتقل کی گئیں، اور یہ نظام معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک عملی قدم ہے۔

تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ پروگرام کے تحت کروڑوں خواتین کو سماجی و معاشی طور پر بااختیار بنایا گیا ہے اور مستحقین کے اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔

مزیدخبریں