لاس اینجلس : 1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے مشہور کوارٹر فائنل میں استعمال ہونے والی گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوگئی۔
یہ وہی گیند ہے جس سے ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے انگلینڈ کے گول کیپر پیٹر شلٹن کو مات دیتے ہوئے ہاتھ کی مدد سے گول کیا تھا۔ اس گول کو بعد میں ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے شہرت ملی۔
اسی مقابلے میں میراڈونا نے انگلینڈ کے متعدد کھلاڑیوں کو شاندار ڈرِبلنگ کے ذریعے پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور یادگار گول سکور کیا، جسے بعد ازاں ’گول آف دی سنچری‘ قرار دیا گیا۔
امریکی ادارے ہیریٹیج آکشنز کے ذریعے نیلام کی گئی اس تاریخی گیند کی حتمی قیمت 3.3 ملین ڈالر رہی، جبکہ اس کے 10 ملین ڈالر تک فروخت ہونے کی توقع کی جا رہی تھی۔
میچ کے ریفری علی بن ناصر نے اس گیند کو کئی دہائیوں تک اپنے پاس محفوظ رکھا۔ اس سے قبل 2022 میں بھی یہی گیند 2.37 ملین ڈالر میں فروخت ہوچکی ہے۔