قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یوم پیدائش : ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہاہے

09:16 AM, 25 Dec, 2025

لاہور : پاکستان بھر میں آج بابائے قوم، بانی پاکستان، قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یوم پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی سمیت مختلف شہروں میں قائداعظم کی یاد میں خصوصی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔ سب سے اہم تقریب کراچی میں مزار قائد پر منعقد ہوئی، جہاں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ اس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر سلامی پیش کی۔ میجر جنرل افتخار حسین چودھری (ہلال امتیاز) تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اور انہوں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے علاوہ، قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر قائد ریذیڈنسی زیارت میں بھی گارڈ آف آنر اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔

قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور وہ ایک وکیل اور سیاستدان تھے۔ اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے انہوں نے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا۔ قائداعظم کی زندگی کا نچوڑ "ایمان، اتحاد، اور تنظیم" تھا، جن اصولوں پر آج بھی پاکستان کی ترقی کا انحصار ہے۔

بانی پاکستان نے اپنے کردار اور عمل سے دنیا کو یہ ثابت کیا کہ ایک سچی اور دیانتدار قیادت کیا کر سکتی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کو اپنے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل ہوا، اور انہوں نے مسلمانوں کو دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کا تحفہ دیا۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔

یوم پیدائش کے موقع پر، پورے پاکستان میں عوام نے اپنے قائد کی قربانیوں کو یاد کیا اور ان کے پیغام کو اپنانے کے عہد کیا۔

قائداعظم محمد علی جناح کی جدو جہد اور ان کے اصول آج بھی پاکستان کے عوام کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا پیغام اس بات کا عکاس ہے کہ قومیں اپنے ایمان، اتحاد اور تنظیم سے ہی کامیاب ہوتی ہیں، اور قائداعظم کا خواب ہمیشہ ہمیں پاکستان کے حقوق و آزادی کے حصول کے لیے تحریک دیتا رہے گا۔

مزیدخبریں