لاہور : وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پوری قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کی بدولت ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت حاصل ہوئی۔" انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے ایمان، اتحاد، اور تنظیم کے اصول آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہمیں انہیں اپنی زندگیوں میں اپنانا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ "اللہ تعالیٰ انہیں صحت مند اور طویل عمر دے۔" ان کا کہنا تھا کہ "قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرتا رہے گا۔"
وزیر اطلاعات پنجاب نے دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیوں کی بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "اقلیتیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے سر کا تاج ہیں اور حکومت ان پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔" انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کو یکساں مواقع اور مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے لبرٹی چوک پر نصب 42 فٹ بلند کرسمس ٹری کو وزیراعلیٰ پنجاب کی مسیحی برادری سے محبت اور یکجہتی کا عملی اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں تاریخ میں پہلی بار شاندار چراغاں اور سجاوٹ کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔"
انہوں نے آخر میں کہا کہ "قائداعظم کے احسانِ عظیم کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار قوم ہیں، اور ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔"