فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ، کرسمس کی مبارکباد، بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر زور

08:14 PM, 25 Dec, 2025

راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظریے کا ایک اہم حصہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد دی۔ انہوں نے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کی دعا کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا ویژن مساوات، مذہبی آزادی اور آئینی اقدار پر مبنی تھا، اور یہی پاکستان کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کا ایک لازمی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل طاقت مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں پوشیدہ ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسیحی برادری کی قومی ترقی اور سلامتی میں خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ مسلح افواج میں مسیحی کمیونٹی کی نسل در نسل خدمات قومی یکجہتی اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر عزم رکھتی ہیں۔ اس موقع پر مسیحی رہنماؤں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور افواج کے کردار کو سراہا۔
 
 

مزیدخبریں