بھارت کوپہلے میچ میں آسٹریلیا نے 333 رنز کی عبرتناک شکست دے دی

بھارت کو 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 333 رنز کی عبرتناک شکست دے دی

 بھارت کوپہلے میچ میں آسٹریلیا نے 333 رنز کی عبرتناک شکست دے دی

پونے: ٹیسٹ کی عالمی نمبر ون بھارت کو 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 333 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔ 

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کا تیسرے روز ہی فیصلہ ہو گیا۔ آسٹریلیا نے کپتان سٹیون سمتھ کی سنچری کی بدولت دوسری اننگز میں 285 رنز سکور کرتے ہوئے بھارت کو میچ میں فتح کیلیے 441 رنز کا ہدف دیا۔  کینگروز کیلیے بچھائے سپن جال میں میزبان ٹیم خود ہی الجھ کر منہ کے بل گر پڑی، کوئی بیٹسمین سٹیف اوکیف اور ناتھن لیون کا سامنا نہ کر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ 7 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، چتیشور پجارا 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے اور پوری بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں  441 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 107 پر ڈھیر ہو گئی اورآسٹریلیا نے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بھارت کو اسی کی سرزمین پر 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔

سپنر سٹیو اوکیف میزبان ٹیم کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے لیفٹ آرم سپنر اوکیف نے دوسری اننگز میں بھی 35 رنز دے کر 6 ہی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ناتھن لیون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔