اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف مسلم لیگ (ن) کا اپیل دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف مسلم لیگ (ن) کا اپیل دائر کرنے کا اعلان
کیپشن: پوری امید تھی کہ ہائیکورٹ علاج کے لیے ضمانت کی درخواست قبول کرے گی، شاہد خاقان عباسی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے طبی بنیاد پر نواز شریف کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی اور طبی بورڈز نے نواز شریف کی بیماری کی تشخیص کی اور فوری علاج کی سفارش کی۔

انہوں نے کہا کہ پوری امید تھی کہ ہائیکورٹ علاج کے لیے ضمانت کی درخواست قبول کرے گی اور ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام رہا ہے اور اس کا بھی کرتے ہیں جو بھی مزید قانونی راستے ہیں ان کو اپنایا جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جو علاج چاہیے وہ جیل میں میسر نہیں ہوتا۔ اس کے لیے باہر ہونا ضروری ہے اور اسی لیے درخواست ڈالی گئی جبکہ علاج پاکستان اور باہر بھی ہو سکتا ہے لیکن جیل میں نہیں ہو سکتا۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ جتنے قانونی راستے دستیاب ہیں وہ اپنائیں گے کیونکہ یہ ہمارا حق ہے۔ ہم اپیل میں بھی جائیں گے اور قوی امید ہے انصاف ملے گا۔