پی ایس ایل،پاکستان میں ہونیوالے میچوں کے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ شروع

پی ایس ایل،پاکستان میں ہونیوالے میچوں کے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ شروع

لاہور: پاکستان سپر لیگ فور کے لاہور اور کراچی میں ہونے والے8 میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کا دوسرا مرحلہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف سینٹرز میں سوموار کی صبح شروع ہوگیا ۔

ٹکٹیں حاصل کرنے کے لئے لوگ صبح سویرے ہی لائنوں میں لگنا شروع ہوگئے تھے ۔اس سے قبل پہلے مرحلے میں میچز کے آن لائن ٹکٹس بھی فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے جو مجموعی ٹکٹوں کا 20 فیصد تھا، ایسے شائقین جو آن لائن ٹکٹ بُک کروا چکے ہیں انہیں مقررہ سینٹر پر27 فروری کو جاکر اپنا ٹکٹ وصول کرنا ہوگا۔ پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے 8 میں سے 3 میچز لاہور اور فائنل سمیت پانچ میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے دوسرے مرحلے کے ٹکٹس کی فروخت سوموار کی صبح سے شروع ہوچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ 27 سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت ہو رہی ہے جبکہ لاہور میں پی ایس ایل میچز کے لیے 12سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے ۔گوجرنوالہ کے 3، حیدرآباد اور راولپنڈی کے دو2 سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت کے لئے سینٹرز بنائے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد، اسلام آباد، ملتان اور پشاور میں ایک، ایک سینٹر پر ٹکٹوں کی فروخت کے سینٹرز ہیں۔ لاڑکانہ، سکھر، سیالکوٹ اور کوئٹہ میں بھی ٹکٹوں کی فروخت کے لئے ایک،ایک سینٹر بنایا گیا ہے ، ایک شناختی کارڈ پر 5 ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

پی ایس ایل کے تمام ٹکٹس کوریئر سروس 'ٹی سی ایس' کے مختص کردہ سینٹرز پر دستیاب ہیں۔ ایلیمینیٹرز اور کوالیفائرز میچ کے ٹکٹس کی مالیت 500 روپے سے 3 ہزار روپے تک ہے جبکہ کراچی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میچ کے ٹکٹس 500 سے 8 ہزار روپے تک ہیں۔ پی ایس ایل کے لاہور میں 3 اور کراچی میں فائنل سمیت 5 میچز شیڈول ہیں۔ کوالیفائر اور ایلیمنیٹر میچز کے ٹکٹس 500 سے3 ہزار میں دستیاب ہوں گی۔ نیشنل اسٹیڈٰیم کراچی میں شیڈول فائنل کی ٹکٹس 500 سے8 ہزار میں دستیاب ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فور کے ایڈیشنز میں پچھلے سال کی نسبت ٹکٹوں کی قیمت میں کمی کردی ۔ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں ٹکٹوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت 8 ہزار روپے اور 12ہزار روپے تھی لیکن اس بار لاہور اور کراچی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار رکھی گئی ہے۔

شیخوپورہ سٹیڈیم ٹرسٹ کے ممبر اور پی ٹی آئی کے راہنما رانا علی سلمان نے پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی قیمت کم کرنے کے پی سی بی کے فیصلے کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں 8 ہزار اور بارہ ہزار کی ٹکٹ عام تماشائی کی پہنچ سے باہر تھی تاہم اس بار پی سی بی نے ٹکٹ کی زیادہ سے زیادہ قیمت 300 رکھی ہے ۔