پاک، آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع

12:39 PM, 25 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا ہے ’بک می‘ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہونے کے علاوہ ’ایم اینڈ پی‘ کوریئر کے آؤٹ لیٹس پر بھی دستیاب ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تاریخی سیریزکا آغاز 4 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے میں ہو گا۔ اور اس تاریخی سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت آج شروع ہوگئی ہے۔ 
پی سی بی کے مطابق یہ ٹکٹیں ’بک می‘ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہونے کے علاوہ ’ایم اینڈ پی‘ کوریئر کے آؤٹ لیٹس سے بھی خریدی جا سکتی ہیں۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی، دوسرا 12 سے 16 مارچ کراچی اور تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو سٹیڈیم تک لانے کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی انتہائی کم رکھی ہیں۔ ٹیسٹ سیریز کیلئے جنرل ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فرسٹ کلاس 200 روپے، پریمیم 350 روپے اور وی آئی پی ٹکٹ 500 روپے کا فروخت ہو گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 50 فیصد ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی جس کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے تماشائیوں کی تعداد میں وضاحت کے بعد باقی ٹکٹیں فروخت کیلئے پیش کی جائیں گی جبکہ تمام ٹکٹ ہولڈرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ سٹیڈیم میں داخلے کیلئے اپنا شناختی کارڈ اور مکمل ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ اپنے ہمراہ رکھیں۔

مزیدخبریں