لالی وڈ کے معروف اداکار حبیب کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے

11:58 AM, 25 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : لالی وڈ کے مشہور اداکار حبیب کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس ہو گئے ہیں۔ حبیب نے اپنے کیریئر میں اداکاری، فلم سازی اور ہدایت کاری میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حبیب کا اصل نام حبیب الرحمان تھا، تاہم فلم انڈسٹری میں وہ صرف "حبیب" کے نام سے جانے گئے۔ ان کا تعلق پٹیالہ کی ایک زمیندار فیملی سے تھا، اور 1947 میں ان کا خاندان ہجرت کر کے پاکستان آیا۔ حبیب نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے انگلش کیا اور بعد ازاں اردو اور فارسی میں بھی ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ وہ اری گیشن اور سول ایوی ایشن میں بھی ملازمت کر چکے تھے۔

حبیب کا فلم انڈسٹری میں آنا ایک حادثہ تھا، لیکن ان کی اداکاری میں جادو تھا جس نے انہیں جلد کامیابی دلائی، اور وہ اسے اپنا مستقل پروفیشن بنا گئے۔ 1956 میں انہوں نے پہلی بار فلم "لخت جگر" میں ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ کام کیا۔ ان کی کامیاب فلموں میں "آدمی"، "گمراہ"، "کالاپانی"، "ایاز"، "ماں کے آنسو"، "اولاد"، "غزالہ"، "وقت" اور "دیوداس" شامل ہیں۔

حبیب نے متعدد پنجابی فلموں میں بھی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں "موج میلہ"، "بابل دا ویہڑہ"، "میلہ دو دن دا" اور "چن شیر" نمایاں ہیں۔ ان کے علاوہ انہوں نے دو سندھی فلمیں بھی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کیں۔ حبیب کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں "پرائیڈ آف پرفارمنس" اور "نگار ایوارڈ" جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔ وہ مختصر علالت کے بعد 25 فروری 2016 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کے بعد ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی ہے اور وہ ہمیشہ پاکستانی سینما کے ایک عظیم اداکار کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔

مزیدخبریں