کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے کسانوں کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے اس حوالے سے بینظیر ہاری کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن اور زرعی میلے کا افتتاح کیا۔
وزیر زراعت نے کہا کہ اب 15 لاکھ ہاری خود اس آن لائن رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے اپنا بینظیر ہاری کارڈ حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں سبسڈی ملے گی اور ان کی معاشی حالت بہتر ہو گی۔ سندھ حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک نئی ویب سائٹ اور ایپ بھی تیار کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہاری کارڈ کے اجرا کے موقع پر کہا تھا کہ 25 ایکڑ سے زیادہ زمین رکھنے والے آبادگاروں کو بھی یہ کارڈ دیا جائے گا۔ اس کے ذریعے کسانوں کو نقد امداد، نرم شرائط پر قرضے، اور دیگر فوائد ملیں گے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ معیاری بیج، کھاد اور گندم کی خریداری میں بھی ہاری کارڈ ہولڈرز کو ترجیح دی جائے گی۔