آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 15 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچے گا

10:54 AM, 25 Feb, 2026

اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن آج پاکستان پہنچے گا اور 15 روزہ دورے پر قیام کرے گا۔ یہ مشن 11 مارچ تک پاکستان میں موجود رہے گا، جس دوران کراچی اور اسلام آباد میں مذاکرات کیے جائیں گے۔ جائزہ مشن مالی سال کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لے گا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بنیادی خدوخال بھی شامل ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، ٹیکس ریونیو کے سوا آئی ایم ایف کے بیشتر اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ایف بی آر کو پہلے چھ ماہ میں 329 ارب روپے اور سات ماہ میں 372 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے، جس پر مشن کو بریفنگ دی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے سالانہ ٹیکس ہدف میں مزید کمی کی درخواست بھی زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس دورے کے دوران صوبائی اور مجموعی مالیاتی فریم ورک، گورننس، اینٹی کرپشن اقدامات، نیب اور اہم اداروں میں تقرریوں کے عمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ایف بی آر کے انسدادِ بدعنوانی سیل کو مزید مضبوط بنانے، سرکاری افسران کے اثاثے عوامی کرنے اور اصلاحاتی ایکشن پلان پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پرائمری فسکل سرپلس جی ڈی پی کے تقریباً 1.3 فیصد کے برابر حاصل کیا جا چکا ہے، اور صوبوں نے مجموعی طور پر 1180 ارب روپے کا کیش سرپلس دیا۔ صوبائی ٹیکس اہداف پورے ہوئے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا اور زرمبادلہ ذخائر پروگرام کے ہدف سے بہتر سطح پر برقرار ہیں۔ جولائی تا نومبر لارج سکیل مینوفیکچرنگ شعبے میں تقریباً 6 فیصد کی گروتھ رپورٹ ہوئی ہے، اور حکام کے مطابق حالیہ سیلاب جیسے مسائل کے باوجود قرض پروگرام کی پیشرفت مثبت رہی ہے۔

آئی ایم ایف کا یہ دورہ 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام اور 1.4 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کا حصہ ہے، جن کا مجموعی حجم 8.4 ارب ڈالر بنتا ہے۔ ان دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو اب تک 3.3 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں