60 سالہ بزرگ کی جوان لڑکی سے شادی، سوشل میڈیا پر شدید بحث

08:14 PM, 25 Feb, 2026

راولپنڈی : ملک میں حالیہ دنوں میں راولپنڈی کے 60 سالہ بزرگ کی جوان لڑکی سے شادی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی آراء دو حصوں میں تقسیم ہوگئیں۔

ابتدائی طور پر صارفین نے بزرگ شہری پر تنقید کی اور کچھ نے کہا کہ لڑکی نے صرف مالی فائدے کے لیے شادی کی، جبکہ بعض نے بزرگ کی جانب سے شادی کو درست قرار نہیں دیا۔

اس کے بعد بزرگ نے شادی کی وضاحت کرتے ہوئے اسے ‘لو میرج’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے محبت ہوئی اور پھر نکاح ہوا، جو ایک سنت طریقہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی میں ارینج اور لو میرج دونوں کا عنصر موجود ہے اور چونکہ ان کی اہلیہ طلاق یافتہ تھیں، اس لیے اسلام کی روشنی میں نکاح کیا گیا۔ بزرگ کا کہنا تھا کہ دل جوان ہونا چاہیے، عمر کوئی رکاوٹ نہیں، اور انہوں نے کوئی غلط عمل نہیں کیا۔

بزرگ کی اہلیہ نے بھی شادی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب دل سے محبت ہو تو عمر کی پرواہ نہیں کی جاتی اور محبت ملنے پر نکاح میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔

بعد ازاں کچھ صارفین نے بزرگ کی اس شادی کو مثبت انداز میں لیا اور کہا کہ انہوں نے ناجائز تعلقات کے بجائے نکاح کو ترجیح دی، جس سے معاشرتی اقدار کو فروغ ملا۔

تاہم، نئے وائرل ویڈیوز کے بعد کچھ صارفین نے دوبارہ تنقید کی اور کہا کہ اتنی عمر میں اس طرح کی ویڈیوز بنانا مناسب نہیں۔ ایک صارف نے لکھا، “اتنی بڑی عمر میں ایسی حرکتیں، غیرت کہاں گئی؟ شادی کی بات الگ، مگر یہ ویڈیوز بزرگ شہری کے لیے موزوں نہیں ہیں۔”
ایک اور صارف نے کہا، “یہ قوم کبھی سدھرے گی نہیں ، اتنی بڑی عمر میں سرعام یہ حرکتیں شرم و حیاء کے برخلاف ہیں۔”

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر بحث کا سبب بن گیا، جہاں ایک طرف شادی کے حق میں رائے دی گئی اور دوسری طرف بزرگ شہری کے برتاؤ پر سخت اعتراضات سامنے آئے۔
 
 
 

مزیدخبریں