ٹی20 ورلڈ کپ2026: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دےدی

10:17 PM, 25 Feb, 2026

کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ گروپ میں سری لنکا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد سری لنکا کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا اور پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید محدود ہوگئے۔

میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز تو تیز رفتار انداز میں کیا، مگر مڈل اوورز میں سری لنکا نے قابو پالیا اور ابتدائی 6 وکٹیں صرف 86 رنز پر لے لیں۔ تاہم کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے ساتویں وکٹ پر 48 گیندوں میں 84 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی، جس سے ٹیم مقررہ ہدف تک پہنچ گئی۔ مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ میک کونچی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز ہی بناسکی۔ ابتدائی چار بلے باز 29 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ پاتھم نسانکا صفر، کوشل مینڈس 11، چریتھ اسالانکا 5 اور پون رتنانائیکے 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان داسن شناکا 46 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے اور کمنڈو مینڈس نے 31 رنز بنا کر آخری وکٹ دی۔ سری لنکا کی جانب سے راچن رویندرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہینری نے 2، اور گلین فلپس و مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ میچ سپر ایٹ گروپ 2 میں پاکستان اور سری لنکا دونوں کے لیے اہم تھا۔ سری لنکا کی شکست کے بعد ان کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا، جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید کم ہوگئے۔

سری لنکا کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، جس میں کامل مشرا کی جگہ تجربہ کار چریتھ اسالانکا کو شامل کیا گیا۔ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، پوان رتنانائیکے، کمنڈو مینڈس، دنتھ ویلالاگے، دشان ہیمانتھا، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھیکشان، دلشان مدوشنکا شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فین ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، کول میک کونچی، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔

مزیدخبریں