اسلام آباد : پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کے بڑے پیمانے پر کاروبار بند کرنے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں پر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، یہ تاثر کہ غیر ملکی سرمایہ کار ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، حقائق کے برعکس ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق، سال 2022 سے 2025 کے درمیان محض 19 غیر ملکی کمپنیوں نے اپنا آپریشن بند کیا، جبکہ اسی عرصے کے دوران 79 نئی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ ہوئیں۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کی آمد کی شرح انخلاء کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
اکثر رپورٹس میں 125 غیر ملکی کمپنیوں کے ملک چھوڑنے کا ذکر کیا جاتا ہے، جس کی وضاحت کرتے ہوئے ایس ای سی پی نے بتایا کہ یہ تعداد حالیہ برسوں کی نہیں بلکہ 1977 سے اب تک یعنی گزشتہ 49 سالوں کا مجموعی ڈیٹا ہے۔ اس طویل دورانیے کے اعداد و شمار کو حالیہ صورتحال کے طور پر پیش کرنا معاشی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے مترادف ہے۔
حالیہ اعداد و شمار پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں مسلسل بین الاقوامی دلچسپی کی نشاندہی کرتے ہیں
فروری 2026 تک پاکستان میں رجسٹرڈ غیر ملکی کمپنیوں کی کل تعداد 1,157 ہے۔صرف گزشتہ ایک ماہ کے دوران 82 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ان کمپنیوں کا تعلق چین، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا، ترکی، جنوبی کوریا اور اسپین سمیت دیگر بڑے معاشی ممالک سے ہے۔
پاکستان سے غیر ملکی کمپنیوں کے انخلاء کی خبریں محض مفروضہ: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی وضاحت
11:22 PM, 25 Feb, 2026