اورنگی ٹاؤن ریگولرائز کرنا مشکل لیکن بنی گالہ ریگولرائز کرنے میں مشکل نہیں، بلاول بھٹو زرداری

 اورنگی ٹاؤن ریگولرائز کرنا مشکل لیکن بنی گالہ ریگولرائز کرنے میں مشکل نہیں، بلاول بھٹو زرداری
سورس: فائل فوٹو

لاڑکانہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن ریگولرائز کرنا مشکل ہے لیکن بنی گالہ ریگولرائز کرنے میں کوئی مشکل نہیں۔ ملک میں ہرشہری کے لیے یکساں نظام انصاف ہونا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام کو مالکانہ حقوق دینے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالا کا گھر تو ریگولرائز کرا لیا۔ ملک میں ہرشہری کے لیے یکساں نظام انصاف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے غریبوں کے کام کرنے ہیں اور ان کا ساتھ دینا ہے۔ اورنگی ٹاؤن کو ریگولرائز کرنا مشکل اور بنی گالہ کو ریگولرائز کرنے میں کوئی مشکل نہیں تھی۔ میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے اور غریب عوام کو حق دیں گے تو امید ہے کسی جانب سے اعتراض نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاور گرا کر ظلم کیا گیا جبکہ گجرنالہ کو ریگولرائز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن بنی گالہ آسانی سے ریگولرائز ہو گیا۔ تاہم اب ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو بے نقاب کریں گے جبکہ بلدیاتی قانون کو کالا کہنے والوں کا منہ کالا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جیالے میئرز لائیں گے اور میں خود ان کے ساتھ کام کروں گا اور ہم نے پاکستان کی معیشت کو بچانا ہے اور عمران خان کو بھگانا ہے۔ ہم جمہوری، قانونی اور آئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے جبکہ حکومت کے خلاف 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے۔