اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ میں تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے بڑے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کراچی میں ایک اکنامک زون قائم کیا جائے گا اور دو دانش اسکول بھی بنائے جائیں گے۔
ترجمان حکومت برائے سندھ، بیرسٹر راجہ خلیق الزماں انصاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر یہ منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جن میں ایک دانش اسکول ٹنڈو محمد خان اور دوسرا گڈاپ ملیر کراچی میں قائم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دانش سکول جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ ہوں گے اور خاص طور پر پسماندہ اور کم وسائل والے علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کراچی کے ضلع ملیر میں قائم ہونے والا اکنامک زون صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انصاری نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سندھ کے تمام علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں میں کسی تفریق کے بغیر کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف اور خوشحالی میسر آسکے۔