راجستھان کے ضلع جھالاواڑ میں سرکاری سکول کی عمارت گرنے سے 4 بچے جاں بحق، درجنوں زخمی

12:33 PM, 25 Jul, 2025

جھالاواڑ : راجستھان کے ضلع جھالاواڑ میں ایک افسوسناک واقعے میں ایک سرکاری سکول کی خستہ حال عمارت گرنے سے کم از کم چار بچے جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد زخمی اور کئی دیگر کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ دلخراش واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے تحصیل مانوہرتھانہ کے علاقے میں واقع پیپلوڈی گورنمنٹ سکول میں پیش آیا، جہاں اُس وقت اسکول میں تقریباً 40 بچے، اساتذہ اور عملہ موجود تھے۔ اچانک ایک منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے افراتفری مچ گئی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس جھالاواڑ، امیت کمار کے مطابق حادثے میں چار بچے جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے، جن میں سے 10 کو جھالاواڑ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ تین سے چار بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔ بعد ازاں چار بھاری مشینیں بھی امدادی کارروائیوں میں شامل کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق سکول کی عمارت کافی خستہ حال تھی اور اس کے بارے میں متعدد شکایات پہلے ہی حکام کو دی جا چکی تھیں۔ اس اسکول میں آٹھویں جماعت تک تعلیم دی جاتی تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ بچوں کے والدین اور رشتہ دار بھی بڑی تعداد میں اسکول پہنچ گئے۔ امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا جا رہا ہے اور حکومت کی جانب سے تحقیقات کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں