لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر شور شرابے اور اپوزیشن کے احتجاج کی نذر ہوگیا۔نمائندہ نیو نیوز لاہور وقاص غوری کے مطابق پینل آف چیئرپرسن کی جانب سے اپوزیشن ارکان کو بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں نعرے بازی کی گئی اور ارکان نے واک آؤٹ کر دیا۔
اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ جن ممبران اسمبلی کو حالیہ مقدمات میں دس دس سال کی سزائیں ہوئی ہیں، ان پر بات کرنے کی اجازت دی جائے، لیکن ہمیں مؤقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔
اس دوران رکن اسمبلی امتیاز شیخ نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر پینل آف چیئرپرسن غلام رضا نے پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی، تاہم کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
پینل آف چیئرپرسن نے اعلان کیا کہ پنجاب اسمبلی کا آئندہ اجلاس اب 28 جولائی، پیر کے روز دوپہر 2 بجے دوبارہ طلب کیا جائے گا۔