پنجاب کی سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے قوانین میں بڑی تبدیلی، ایم پی ایز کو گورننگ باڈیز میں نمائندگی کا حق

06:56 PM, 25 Jul, 2025

لاہور: پنجاب اسمبلی نے یونیورسٹیز اینڈ انسٹیٹیوٹ لاز ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا ہے، جس پر گورنر پنجاب نے دستخط کر دیے ہیں، اور یہ بل اب ایکٹ بن چکا ہے۔

 بیورو چیف نیو نیوز لاہور میاں نوید کے مطابق  اس ترمیم کے تحت پنجاب کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے گورننگ باڈیز میں ممبرانِ پنجاب اسمبلی (ایم پی ایز) کی نمائندگی لازمی قرار دی گئی ہے۔ ہر یونیورسٹی بورڈ میں تین ایم پی ایز شامل ہوں گے، جن میں کم از کم ایک خاتون رکن کی شمولیت بھی یقینی بنائی گئی ہے۔

ایم پی ایز کی نامزدگی پنجاب اسمبلی کے سپیکر کے اختیار میں ہوگی۔ اس ترمیمی بل میں مختلف یونیورسٹی ایکٹ اور آرڈیننسز میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں یونیورسٹی آف پنجاب، ایگری کلچر فیصل آباد، یو ای ٹی لاہور، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یو ای ٹی ٹیکسلا، ایریڈ ایگری کلچر راولپنڈی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، ویٹرنری یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، کنیرڈ کالج اور یونیورسٹی آف سدرن پنجاب شامل ہیں۔

اسی طرح نجی تعلیمی اداروں جیسے گلوبل انسٹیٹیوٹ، قرشی یونیورسٹی اور ٹائمز انسٹیٹیوٹ کے قوانین میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

یہ ترمیمی بل فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور تمام متعلقہ یونیورسٹی ایکٹ پر فوری اطلاق ہوگا۔

مزیدخبریں