پاکستان کی 8 تقسیم کار کمپنیوں نے 47 ارب روپے کی اووربلنگ کی، آڈٹ رپورٹ کا انکشاف

07:13 PM, 25 Jul, 2025

اسلام آباد:آڈٹ جنرل آف پاکستان کی تازہ ترین رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ آٹھ تقسیم کار کمپنیوں نے مالی سال 24-2023 میں صارفین کو 90 کروڑ 46 لاکھ اضافی یونٹس کا بل بھیجا۔ ان کمپنیوں کے کھاتوں میں مالی بے ضابطگیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

اووربلنگ کی یہ واردات آئیسکو، لیسکو، حیسکو، میپکو، پیسکو، کیسکو، سیپکو اور ٹیسکو میں ہوئی ہے۔ پانچ تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو 47.81 ارب روپے کی اووربلنگ کی، اور صرف ایک ماہ میں 2 لاکھ 78 ہزار 649 صارفین کو 47 ارب 81 کروڑ کا اضافی بل بھیجا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، لائن لاسز پورا کرنے کے لیے اضافی لوڈ کی مد میں 22 ارب روپے کی اووربلنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ، کیسکو کی جانب سے زرعی صارفین کو 148 ارب روپے سے زائد کی اووربلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

غلط میٹر ریڈنگ کے نتیجے میں 5.29 ارب روپے کی اووربلنگ کی رقم صارفین کو واپس کی گئی، جبکہ پیسکو نے صارفین کو 2.18 ارب روپے کی ملٹی کریڈٹ ایڈجسٹمنٹ دی تھی۔

تقسیم کار کمپنیوں نے 1432 فیڈرز پر 18 ارب 64 کروڑ روپے کا اضافی بل بھیجا۔ موجودہ حکومت کے آغاز سے ہی اووربلنگ اور غلط ریڈنگ کے معاملات کی اصلاحات پر کام کیا جا رہا ہے۔

پاور ڈویژن اووربلنگ سسٹم میں شفافیت لانے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہا ہے۔ یہ رپورٹ پچھلے مالی سال کی ہے، جب زیادہ تر دورانیہ نگران حکومت کے زیر انتظام تھا۔
 

مزیدخبریں