لاہور:محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں رات بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے شہریوں کو گرمی اور حبس سے وقتی ریلیف فراہم کیا۔