مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے:مریم اورنگزیب

01:35 PM, 25 Jul, 2026

لاہور/مظفر آباد:پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت حقیقی معنوں میں عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور پارٹی ورکرز کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

آزاد کشمیر اور پنجاب میں ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی وزیراعظم بنے، پاکستان اور آزاد کشمیر نے یکساں ترقی کی اور پورے ملک میں قائدِ نواز شریف کی خدمت کی نشانیاں موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورے پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بن رہی ہیں اور لاہور جیسی ترقی پنجاب کے تمام شہروں میں ہو رہی ہے، جبکہ پنجاب میں ایک ہزار سے زائد "کلینک آن وہیلز" عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں بھی میڈیکل ڈسٹرکٹس اور کارڈیالوجی سینٹرز بنائے جائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس ملیں گی، اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی "گرین بسیں" کوٹلی میں بھی جلد آئیں گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مظفر آباد، میرپور اور کوٹلی کو بھی لاہور جیسا بنایا جائے گا، اور مری سے مظفر آباد تک "گلاس ٹرین" بھی بنے گی۔

مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ مریم نواز کا پنجاب صرف لاہور تک محدود ہے، اور مخالفین کو الیکشن کے دنوں میں یہاں سڑکیں بنانا یاد آتا ہے جبکہ باقی دنوں میں وہ عوام کا حال پوچھنے بھی نہیں آتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ نواز شریف کے شیر کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے کیونکہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے اسے ہمیشہ پورا کرتا ہے۔

مزیدخبریں