پنجاب میں مون سون کا تیسرا سپیل، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

03:36 PM, 25 Jul, 2026

لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے تیسرے سلسلے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 27 جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس مون سون سپیل کے دوران لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

شدید بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو چوبیس گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنانے، ضروری مشینری تیار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں