لاس اینجلس: پاپ موسیقی کے شہنشاہ اور دنیا بھر کے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے آج 16 برس بیت گئے، تاہم ان کے گیت، انداز اور یادیں آج بھی زندہ ہیں۔
مائیکل جیکسن نے صرف پانچ سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور 1964 میں اپنے بھائیوں کے ساتھ پاپ بینڈ جیکسن فائیو کا حصہ بنے۔ جلد ہی ان کی آواز، انداز اور ڈانس نے دنیا بھر میں دھوم مچادی۔
1979 میں جیکسن نے اپنا پہلا سولو البم Off the Wall ریلیز کیا، جو شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا اور ان کی منفرد شناخت بنا۔ تاہم 1982 میں جاری ہونے والا البم Thriller دنیا کی تاریخ کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک البم بن گیا، جس نے انہیں "کنگ آف پاپ" کے خطاب سے نوازا۔
مائیکل جیکسن نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد ہٹ گیت دیے جن میں Billie Jean، Beat It، Smooth Criminal، اور Black or White شامل ہیں۔ ان کی پرفارمنس، خاص طور پر ان کا مشہور "مون واک" ڈانس اسٹائل، آج بھی نوجوان فنکاروں کے لیے مشعل راہ ہے۔
25 جون 2009 کو مائیکل جیکسن کا اچانک انتقال ہوا، جس نے ان کے مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کیا۔ ان کی موت کے باوجود، ان کا فن، نغمے اور انداز آج بھی مداحوں کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔