نواز شریف کو مائنس کرنے والا خود مائنس ہو گیا:عظمیٰ بخاری کی عمران خان پر سخت تنقید

03:59 PM, 25 Jun, 2025

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سابق وزیراعظم اور بانی تحریکِ انصاف عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "قدرت کا انتقام دیکھیں، جو نواز شریف کو مائنس کرنے آیا تھا، وہ خود پارٹی اور سیاست سے مائنس ہو چکا ہے۔"

میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو ان کی بہن علیمہ خان اور پارٹی کے مختلف دھڑوں نے تنہا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان علی امین گنڈاپور کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ بھی ان کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی تین مختلف گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ ایک گروپ جنید اکبر، دوسرا عاطف خان اور تیسرا پارٹی کے باغیوں پر مشتمل ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق، علی امین گنڈاپور نے بطور چیف ایگزیکٹو بجٹ منظور کروا کر اپنی پوزیشن عارضی طور پر بچا لی، بصورت دیگر ان کی برطرفی آئینی طور پر طے تھی۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورتحال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "صوبہ گزشتہ 12 سال سے ریلو کٹوں اور کرپٹ ٹولے کے رحم و کرم پر ہے۔"

پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اس وقت میرٹ، شفافیت اور اچھی حکمرانی میں باقی صوبوں کے لیے رول ماڈل ہے۔ ان کے بقول، وزیراعلیٰ مریم نواز تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ میں کارکردگی کے اعتبار سے سرفہرست ہیں۔

مزیدخبریں