اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا و پاٹا) اور بجٹ سے متعلق اہم امور پر مشاورتی نشست منعقد ہوئی، جس میں دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی نمائندوں نے شرکت کی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے وفد کی نمائندگی کی، جبکہ حکومتی نمائندوں میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور امیر مقام شامل تھے۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر سمیت سابق فاٹا، پاٹا اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مشاورت کا محور ضم شدہ اضلاع کے مالی، انتظامی اور ترقیاتی معاملات تھے۔ اجلاس کے دوران رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن کو حکومت کی جانب سے تمام امور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ضم اضلاع کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرنا چاہتی ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید مشاورتی نشستیں متوقع ہیں، تاکہ ضم شدہ اضلاع کے مسائل پر ایک متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔