ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر دوٹوک مؤقف، ٹیکس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: مارکو روبیو

04:33 PM, 25 Jun, 2026

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کے معاملے پر مؤقف واضح ہے، کسی بھی صورت وہاں گزرنے والے جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے تکنیکی نکات پر بات چیت جاری ہے، جبکہ خلیجی ممالک کے ساتھ بھی تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک نے خطے کی صورتحال سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق، لبنان اور حماس کو ایرانی حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں مختلف امور پر بات چیت جاری ہے۔

وینزویلا میں زلزلے کے حوالے سے مارکو روبیو نے کہا کہ وہاں شدید نقصان ہوا ہے اور امریکا مشکل کی اس گھڑی میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کاموں کے لیے امریکی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں اور وینزویلا کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اتحادی ممالک کے ساتھ رابطوں کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں