استنبول: پاکستان اور ترکیہ کے توانائی شعبے کے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ یہ معاہدے استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطحی مشاورت کے دوران طے پائے۔
مفاہمتی یادداشتوں کے تحت پاور سسٹم آپریشنز، ٹرانسمیشن منصوبہ بندی، بجلی کی تقسیم کے شعبے کے انتظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے معاملات میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
معاہدوں کے ذریعے دونوں ممالک کے توانائی ادارے ایک دوسرے کے تجربات، تکنیکی معلومات اور آپریشنل مہارتوں سے استفادہ کریں گے، جس سے توانائی کے شعبے میں کارکردگی اور انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ توانائی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری نہایت اہم ہے۔ پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے خدمات کی فراہمی، گورننس اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔