جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے سعود شکیل کی جگہ آصف علی قومی سکواڈ میں شامل

جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے سعود شکیل کی جگہ آصف علی قومی سکواڈ میں شامل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

 لاہور:   جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے سعود شکیل کی جگہ جار مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کو قومی ون ڈے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ وہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کیخلاف اعلان کردہ قومی ٹی 20 سکواڈ کا حصہ بھی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق نوجوان مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل بائیں ٹانگ میں انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران گریڈ ون ٹیئر کی انجری کا شکارہوگئے تھے۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد آصف علی کو بطور متبادل کھلاڑی  قومی ون ڈے سکواڈ میں شامل کرلیا ہے جبکہ وہ پہلے ہی جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹی 20 سکواڈ کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب سعود شکیل زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹیسٹ سکواڈکا بھی حصہ ہیں لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ فی الحال نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے اور اگر وہ 12 اپریل سے قبل مکمل صحت یاب ہوجاتے ہیں تو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل بقیہ 10 ارکان کے ہمراہ ہرارے روانہ ہوجائیں گے۔