ایران کا جوابی وار: بوشہر ایٹمی پلانٹ پر حملے کے بعد تل ابیب میزائلوں کی زد میں، متعدد زخمی

09:10 AM, 25 Mar, 2026

تل ابیب / تہران :ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ ایران کے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران نے تل ابیب اور گردونواح کو نشانے پر رکھ لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروس 'میگن ڈیوڈ آدوم' کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں نے تل ابیب کے قریبی شہر بنی براک اور گیوات شموئیل کو نشانہ بنایا۔ بنی براک میں ایک میزائل گرنے سے رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جہاں ایک بلند و بالا عمارت کا بالائی حصہ نیچے گرنے سے 9 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک 23 سالہ نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے سر اور پیٹ پر زخم آئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شام کے وقت ایران کی طرف سے آنے والے خطرات کے پیش نظر پورے ملک میں 12 فضائی الرٹس جاری کیے گئے تھے۔
دوسری جانب ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے احاطے میں ایک اسرائیلی پروجیکٹائل آ کر گرا ہے۔ تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ پلانٹ کے تکنیکی حصوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہاں کام کرنے والا عملہ محفوظ ہے۔انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں