امریکہ کا ایران کو جنگ ختم کرنے کے لیے 15 نکاتی منصوبہ ارسال، جوہری پلانٹس کی بندش کا مطالبہ

09:47 AM, 25 Mar, 2026

واشنگٹن / تہران : امریکی اخبار کی ایک حالیہ رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے خطرے کو ٹالنے کے لیے ایران کو ایک 15 نکاتی امن منصوبہ بھیج دیا ہے۔ اس منصوبے میں ایران کے سامنے انتہائی سخت شرائط رکھی گئی ہیں جن کا مقصد تہران کے جوہری پروگرام اور علاقائی اثر و رسوخ کو مکمل طور پر محدود کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی منصوبے کا سب سے اہم اور حساس نکتہ ایران کی سرزمین پر ہر قسم کے جوہری مواد کی افزودگی (Enrichment) پر مکمل پابندی ہے۔ امریکہ نے مطالبہ کیا ہے کہ     ایران کے اہم جوہری مراکز نطنز، اصفہان اور فردو کے پلانٹس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ مستقبل میں ایران کسی بھی قسم کی جوہری سرگرمی سے باز رہے۔
منصوبے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خطے میں موجود اپنی تمام پراکسیز (اتحادی گروہوں) کی فنڈنگ اور عسکری امداد فوری طور پر بند کرے۔ امریکہ کا موقف ہے کہ ایران کی جانب سے ان گروہوں کی پشت پناہی خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔تجارت اور جہاز رانی کے حوالے سے امریکہ نے تجویز دی ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک "آزاد میری ٹائم زون" قائم کیا جائے تاکہ عالمی تیل کی سپلائی اور تجارتی بحری جہازوں کی نقل و حرکت کو بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنایا جا سکے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ 15 نکات ایران کے لیے قبول کرنا بظاہر مشکل نظر آتے ہیں، کیونکہ ایران ہمیشہ سے اپنے جوہری پروگرام کو پرامن مقاصد اور اپنی خود مختاری کا حصہ قرار دیتا آیا ہے۔ تہران کی جانب سے اس منصوبے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ پیش رفت خطے کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں