نئی دہلی/واشنگٹن: پاکستان کی متوازن اور کامیاب خارجہ پالیسی نے مودی سرکار کے "پاکستان کو تنہا کرنے" کے خواب چکنا چور کر دیے۔ بھارتی جریدے 'دی وائر' نے اپنی حالیہ رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ واشنگٹن نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کے اہم معاملات میں نئی دہلی کے بجائے اسلام آباد کی تزویراتی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی حزبِ اختلاف اور جریدے 'دی وائر' نے مودی سرکار کی خارجہ پالیسی کو "بڑی ناکامی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی عملی سفارت کاری نے بھارتی پراپیگنڈے کو شکست دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آپریشن سندھور اور دیگر محاذوں پر بھارت کی سٹریٹجک پالیسیاں بری طرح ناکام ہوئی ہیں۔ مودی سرکار کے عالمی سطح پر پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کے بلند و بانگ دعوے حقیقت کے برعکس ثابت ہوئے۔
عالمی میڈیا اور 'دی ٹیلی گراف انڈیا' کے مطابق، پاکستان اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان ایک اہم ترین ثالث بن کر ابھرا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں بھارت محض اپنی توانائی کی ضروریات اور اسلحے کی دوڑ تک محدود رہا، وہیں پاکستان نے علاقائی استحکام کے ایجنڈے کے ذریعے عالمی برادری کا اعتماد حاصل کر لیا ہے۔
عالمی ماہرینِ خارجہ امور کا تجزیہ ہے کہ واشنگٹن کا اسلام آباد کی طرف جھکاؤ بھارت کی سٹریٹجک اہمیت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ پاکستان کی "کامیاب سفارتی مہم" نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے کے امن و امان اور عالمی تنازعات کے حل میں پاکستان کا کردار ناگزیر ہے۔
سفارتی محاذ پر پاکستان کی بڑی فتح: بھارتی میڈیا نے مودی سرکار کی شکست کا اعتراف کر لیا
10:14 AM, 25 Mar, 2026