خلیجی ممالک کو اشیاء خورونوش کی برآمدات تیز کی جائیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

07:14 PM, 25 Mar, 2026

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ خلیجی ممالک کو اشیاء خورونوش کی برآمدات کے عمل میں تیزی لائی جائے اور اس حوالے سے تمام رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں ملکی بندرگاہوں اور میری ٹائم آپریشنز کے جائزے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث عالمی سپلائی لائن شدید متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان حالات میں خلیجی ممالک کی غذائی ضروریات کا خیال رکھنا پاکستان کا اخلاقی اور برادرانہ فرض ہے۔ شہباز شریف نے تمام متعلقہ محکموں کو حکم دیا کہ وہ خلیجی ممالک کی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی اور مسلسل رابطے میں رہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملکی غذائی ضروریات کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ      ملک کے اندر اشیاء خورونوش کی طلب و رسد (Supply and Demand) کی مکمل اور سخت نگرانی کی جائے۔    اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ برآمدات کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں کسی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔
اجلاس کے دوران ملکی بندرگاہوں کی کارکردگی اور میری ٹائم آپریشنز کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعظم نے بندرگاہوں پر آپریشنز کو مزید فعال بنانے اور برآمدی عمل کو سہل بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔

مزیدخبریں