ٹرمپ کی ویسٹ پوائنٹ میں دھواں دار تقریر، تنوع کی پالیسیوں اور نیٹو پر سخت تنقید

12:48 AM, 25 May, 2025

نیو یارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کی مشہور ویسٹ پوائنٹ ملٹری اکیڈمی میں ایک انتخابی مہم کے انداز کی تقریر کرتے ہوئے امریکی فوج، نیٹو، اور تنوع و شمولیت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے "امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے" تحریر والی اپنی مخصوص سرخ ٹوپی پہنے ہوئے، کیڈٹس، ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کہا کہ:
"امریکی فوج کا کام ڈریگ شوز کی میزبانی کرنا یا دنیا بھر میں ثقافتوں کو تبدیل کرنا نہیں بلکہ دشمنوں پر غلبہ پانا اور امریکا کے لیے ہر خطرے کو ختم کرنا ہے۔"

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فوج کی تعمیرِ نو کی اور امریکی سپاہیوں کو "سیاسی بنیادوں پر مبنی، توہین آمیز تربیت" سے آزاد کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے فوج اور دیگر اداروں میں تنوع، مساوات اور شمولیت سے متعلق بائیڈن دور کی پالیسیوں کو واپس لے لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا:"ہماری فوج میں اب کوئی نسل پرستی پر مبنی نظریہ، ٹرانسجینڈر زبردستی، یا سیاسی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جائے گا۔"

ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نیٹو اتحادی ممالک پر بھی روایتی تنقید دہراتے ہوئے کہا کہ وہ دفاعی اخراجات میں امریکا پر انحصار کرتے ہیں، اور عالمی تجارتی نظام میں امریکا کے ساتھ "دھوکہ دہی" کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا:"ہمیں تجارت میں دنیا کی تقریباً ہر قوم نے دھوکہ دیا ہے، لیکن اب ایسا مزید نہیں ہونے دیں گے۔"

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون کو امریکی فوج کی 250ویں سالگرہ کی تقریب کی صدارت کریں گے، جو واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔ اتفاق سے اسی دن ان کی سالگرہ بھی ہے۔

مزیدخبریں