بھارت کی دوبارہ پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ میں شامل کرانے کی معاشی سازش پھر بے نقاب

01:17 PM, 25 May, 2025

اسلام آباد : بھارت ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ سفارتی ذرائع اور سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا ہے اور اسے دوبارہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے ایف اے ٹی ایف کو دیا گیا ڈوزیئر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات پر مبنی ہے، جس کا مقصد پاکستان پر مالی دباؤ ڈال کر ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ بھارت پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی سے خائف ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت نے حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے منظور شدہ 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کی بھی شدید مخالفت کی، جس سے اس کی بدنیتی اور علاقائی بالادستی کی خواہش مزید واضح ہو گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان مالی امداد سے محروم ہو جائے تاکہ اندرونی طور پر کمزور ہو اور ترقی کا عمل رک جائے۔ یہ بھارت کی پرانی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

اس کے برعکس، پاکستان مسلسل شفافیت، مالیاتی نظم و ضبط اور بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستانی حکام نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے جھوٹے دعوؤں کا شکار نہ ہوں اور پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کریں، جو خطے میں امن و ترقی کے لیے سرگرم ہے۔

مزیدخبریں