لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے فائنل میں آج پاک بحریہ کو وطن کے دفاع میں اس کے بے مثال کردار پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ یہ اعزاز پاکستان کے اس دفاعی آپریشن "بنیان مرصوص" کے تناظر میں دیا جا رہا ہے، جس میں پاک نیوی نے سمندری حدود میں فولادی دیوار بن کر دشمن کو پسپا کر دیا تھا۔
فائنل میچ کی خصوصی تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف شرکت کریں گے، جہاں وہ نیوی کے افسروں اور جوانوں کو قوم کی طرف سے سراہیں گے۔
6 سے 10 مئی کے دوران بھارت کی مسلط کردہ جنگ کے جواب میں پاکستان نے فجر کے وقت آپریشن "بنیان مرصوص" کا آغاز کیا، جس میں پاک بحریہ نے خاموش مگر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، پاکستانی نیوی نے سمندر میں ایسی ناقابلِ تسخیر دفاعی لائن قائم کی کہ بھارت کی بحریہ پیش قدمی کی ہمت نہ کر سکی۔
بحری محاذ پر نیوی کی اس حکمت عملی نے دشمن کو یہ باور کروا دیا کہ پاکستان کے ساحلی شہر اور اس کے اثاثے ہر حال میں محفوظ ہیں۔ یہ فولادی دیوار نہ صرف ایک رکاوٹ بلکہ دشمن کے لیے نفسیاتی دباؤ کا باعث بھی بنی، جس نے بھارت کو کسی بھی بڑے حملے سے باز رکھا۔
اس دفاعی آپریشن میں پاک فوج کی تینوں شاخوں نے شاندار ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بری فوج سیسہ پلائی دیوار بنی رہی، جب کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے، جن میں جدید رافیل جیٹ بھی شامل تھے، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، آپریشن "بنیان مرصوص" نہ صرف پاکستان کے دفاع کا ایک اہم باب ہے بلکہ دشمن کے لیے ایک واضح پیغام بھی کہ پاکستانی قوم اور اس کی افواج ہر محاذ پر یکجا اور چوکس ہیں۔
آج کے پی ایس ایل فائنل میں قوم اپنے ان ہیروز کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرے گی جنہوں نے خاموشی سے لیکن دلیرانہ انداز میں وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا۔