سوات ایکسپریس وے پر حادثہ: تیز رفتار وین کھڑی بس سے ٹکرا گئی، 11 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی

10:05 AM, 25 May, 2026

سوات : سوات ایکسپریس وے پر تیز رفتاری اور غفلت کے نتیجے میں ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں مسافر وین اور بس میں شدید تصادم کے باعث 11 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ہیں۔

موٹروے پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ وین ڈرائیور کی شدید لاپرواہی کے باعث اس وقت پیش آیا جب سڑک کنارے ایک مسافر بس کھڑی تھی۔ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار وین ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی اور کھڑی بس میں پیچھے سے انتہائی زور دار طریقے سے جا گھسی ۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ وین بری طرح تباہ ہو گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جس کے باعث جانی نقصان میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزیدخبریں