چینی وزیراعظم کا شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ، مسلح افواج کا گارڈ آف آنر، وفود کی سطح پر مذاکرات کا آغاز

11:31 AM, 25 May, 2026

بیجنگ :وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے دوران بیجنگ کے عظیم عوامی ہال (گریٹ ہال آف دی پیپل) میں ان کے اعزاز میں ایک پروقار اور عظیم الشان استقبالیہ تقریب کا انعقاف کیا گیا، جہاں چین کے وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کا انتہائی پرتپاک اور گرمجوشی سے استقبال کیا۔

تقریب کے آغاز پر دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی کے مخلصانہ جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم نے اپنے اپنے اعلیٰ سطح کے وفود کا تعارف بھی کرایا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

استقبالیہ تقریب کے دوران ہال میں پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے گئے، جس کے بعد چین کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پروقار استقبالیہ اور گارڈ آف آنر کی اس تقریب کے فوراً بعد پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر اہم مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں