راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کو علاقے میں ایک بھارتی حمایت یافتہ گروہ کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا گیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تمام 22 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم گروہ سے تعلق رکھتے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بیان کے مطابق پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے۔