اسرائیل کے عالمی مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے غزہ پر حملے جاری ،مزید 4 فلسطینی شہید

02:53 PM, 25 Nov, 2025

غزہ: اسرائیل نے عالمی مطالبات کو پس پشت ڈالتے ہوئے غزہ پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج نے آج بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 4 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 10 اکتوبر کو غزہ میں ہونے والے امن معاہدے کے بعد سے اسرائیل 500 سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے، جس میں 300 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ اس دوران غزہ کی انسانی صورت حال بدستور سنگین ہے اور اقوام متحدہ کی امدادی تنظیم "اُنروا" نے اسے تباہ کن قرار دیا ہے۔

اُنروا کے مطابق، غزہ کی 90 فیصد سے زائد آبادی کا انحصار امداد پر ہے اور بیشتر افراد کو 24 گھنٹوں میں صرف ایک بار کھانا مل رہا ہے، جو کہ انسانوں کی بنیادی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔

دوسری طرف، امریکہ کی حمایت یافتہ متنازع امدادی تنظیم "غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن" نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں اپنے آپریشنز روک رہی ہے۔ اس تنظیم کے مراکز پر امداد کی تقسیم کے دوران اسرائیلی حملوں سے سیکڑوں فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں