بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ ہونے کا تاثر غلط ہے: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ

11:37 AM, 25 Nov, 2025

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا مفصل جواب جمع کرایا، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ ہونے کا تاثر غلط ہے اور اس بارے میں کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنے جواب میں واضح کیا کہ عمران خان جیل میں سخت نگرانی (سرویلنس) میں ہیں اور ان کے پاس کسی بھی قسم کے ممنوعہ سامان، بشمول موبائل فون، کی موجودگی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل کے اندر موبائل سگنلز کو بلاک کرنے کے لیے جیمرز نصب ہیں، جس کے باعث جیل کے اندر اور اس کے ارد گرد موبائل سگنلز مکمل طور پر بند رہتے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان اور ان کے سٹاف کو مستقل طور پر سرچ کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کے پاس کسی بھی غیر قانونی چیز تک رسائی نہیں۔ جیل رولز کے مطابق، عمران خان کو سیاسی بات چیت کرنے سے بھی روکا جاتا ہے، تاہم بعض اوقات ان سے ملاقات کرنے والے اہل خانہ اور وکلا قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی بحث میں ملوث ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں عمران خان کی جانب سے جیل سے دی جانے والی سیاسی ہدایات نے کچھ مواقع پر معاشرتی انتشار اور تشدد کو ہوا دی، مگر ان کا ایکس اکاؤنٹ جیل کے اندر سے آپریٹ نہیں ہو رہا۔ سپرنٹنڈنٹ کا مؤقف تھا کہ یہ اکاؤنٹ جیل کے باہر سے کسی دوسرے شخص کی جانب سے چلایا جا رہا ہے اور جیل میں نہ تو موبائل فون کی سہولت ہے اور نہ ہی انٹرنیٹ کی۔

مزیدخبریں