بھارت میں اقلیتی برادریاں ظلم و تشدد کا شکار ہیں ، پاکستان

10:39 AM, 25 Oct, 2025

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان، مسیحی، سکھ اور دلت برادریاں ظلم و تشدد کا شکار ہیں۔ پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی نے بھارتی حکومت کے چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات، دہلی اور منی پور میں ہونے والے قتل عام بھارت کے چہرے پر بدنما داغ ہیں، جو دنیا بھر میں بھارت کی حقیقی صورت کو واضح کرتے ہیں۔

پاکستانی قونصلر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اس کا معاملہ خود بھارت نے سلامتی کونسل میں پیش کیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت نے کشمیر میں رائے شماری کے وعدے سے انحراف کیا اور وہاں فوجی قبضہ مسلط کیا، جس کی وجہ سے کشمیری عوام کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنی پڑی۔

گل قیصر سروانی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبریں، جبری گمشدگیاں اور قتل عام جاری ہیں، اور اقوام متحدہ کی دستاویزات بھی کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتی ہیں۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ بھارت ریاستی دہشتگردی ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔

پاکستانی قونصلر نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں اور یہ حق پر ہیں، جب کہ آزاد جموں و کشمیر پاکستان کے جمہوری عزم اور آزادیوں کی علامت ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں پر عمل کرے تاکہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو سکے اور وہاں کے عوام کو ان کا حق مل سکے۔

مزیدخبریں